اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا ہے، متعدد پاور پلانٹس کے سسٹم سے باہر ہونے اور ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے باعث شہروں اور دیہی علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف ڈسکوز میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق بڑھ گیا ہے۔
لیسکو ریجن میں صورتحال مزید سنگین بتائی جا رہی ہے، جہاں شارٹ فال 1500 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی کمی کے باعث بعض علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
ینگ انجینئرنگ کونسل کے فوکل پرسن عثمان فاروق کے مطابق سسٹم سے باہر ہونے والے متعدد پاور ہاؤسز کی 16 اکتوبر تک واپسی متوقع ہے۔ ان کے مطابق گیس کے بعد ڈیزل اور پانی سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بجلی کی پیداوار اور سپلائی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ سکتا ہے۔



