گوادر: محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان نے محکمہ فشریز کے خلاف غیر قانونی ٹرالرنگ سے متعلق جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکل آفیسر اینٹی کرپشن مکران سرکل کی سربراہی میں قائم خصوصی ٹیم مکران کی ساحلی پٹی کے اہم علاقوں جیونی، گوادر، پسنی اور اورماڑا کا دورہ کر رہی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے مختلف اسٹیشنوں اور محکمہ فشریز کے دفاتر کا معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ اہم سرکاری ریکارڈ بھی طلب کرکے اس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالرنگ کی روک تھام کے لیے محکمہ فشریز کے اقدامات، مبینہ غفلت یا کسی ممکنہ ملی بھگت سے متعلق شواہد بھی اکٹھے کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام سے پوچھ گچھ اور ریکارڈ کی جانچ کا عمل جاری ہے، جبکہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔ ذرائع نے بعض افراد کی ممکنہ گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
غیر قانونی ٹرالرنگ کیس، اینٹی کرپشن بلوچستان نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا



