کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ اور زیارت کے درمیان قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے حملے کیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت شاہراہ پر کچھ موڑ کے قریب ایف سی کی میجر صلاح الدین کی سربراہی میں جانے والی کانوائے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
زیارت روڈ عارضی طور پر بند، مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت
جوابی کارروائی میں 11 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 8 سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بھاری نفری روانہ کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔اسی دوران دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی کے اسکواڈ کو بھی نشانہ بنایا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔دوسری جانب غوڑگئی کے مقام پر دہشت گردوں نے زیارت۔کوئٹہ شاہراہ پر تعمیراتی کام کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے تمام مشینری کو آگ لگا دی، جبکہ کمپنی کے دو اہلکاروں کو اغوا کر کے پہاڑوں کی جانب لے گئے۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ۔زیارت شاہراہ دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔