کوئٹہ ( اولس نیوز ) مند سے رکن بلوچستان اسمبلی اور مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو مبینہ طور پر نامعلوم مسلح افراد اغوا کرکے لے گئے۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ مند کے علاقے بلوچ آباد میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد مبینہ طور پر اورنگزیب مجید کو گن پوائنٹ پر اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے حوالے سے پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے پریس کانفرنس کے دوران اورنگزیب مجید کے اغوا کے واقعے کی تصدیق کی۔
واقعے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مشیر کھیل مینا مجید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ان سے ملاقات کرکے ان کے بھائی کے اغوا سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔





