فرح عظیم شاہ کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، قومی مفادات کو ترجیح دینے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کی اپیل
کوئٹہ( اولس نیوز ) رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات اور الزام تراشی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ وہ غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بے بنیاد الزامات سے گریز کریں اور قومی مفادات کو مقدم رکھیں۔
کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کامیابیوں کی جانب پیش قدمی کرتا ہے اور ترقی کی نئی منزلوں کی طرف بڑھتا ہے تو دشمن عناصر سرگرم ہو جاتے ہیں۔ ان کے بقول، دشمن پاکستان کی کامیابیوں کو ہضم نہیں کر رہے، تاہم ملک دفاعی صلاحیت اور سفارتی میدان سمیت مختلف شعبوں میں کامیابیوں کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان ان کے لیے سب سے مقدم ہے اور دنیا امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ قومی مفادات کو ترجیح دی جائے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے استحکام کے لیے متحد ہوا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت پاکستانی قوم کے اتحاد کا ہے اور ہمیں اپنے شہدا اور جوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے، کیونکہ ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیاں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔
رکن بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مسئلہ عارضی ہے اور امید ہے کہ یہ جلد ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ریاست کے مؤقف کی بات کی ہے۔
فرح عظیم شاہ نے زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، ذمہ دارانہ سیاسی رویے اور ریاستی استحکام کو ترجیح دینا ضروری ہے۔




