مسلم باغ (23 اکتوبر 2026): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس N-50 سیکٹر ون کے روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مسلم باغ میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں موٹروے پولیس کے افسران احمد اللہ، محمد انور اور ردا ناز نے شرکت کی، جبکہ کالج کی پرنسپل صادقہ عمر، سینئر اساتذہ اور بڑی تعداد میں طالبات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر شرکاء کو سڑک پر محفوظ سفر کے بنیادی اصولوں، پیدل چلنے والوں کی حفاظت اور سڑک عبور کرنے کے محفوظ طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ سڑک کے بنیادی ڈھانچے اور روڈ سیفٹی سے متعلق ضروری امور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
سیمینار کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے بھی شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
تقریب کے اختتام پر موٹروے پولیس N-50 کی جانب سے کالج کی پرنسپل اور طالبات میں روڈ سیفٹی سے متعلق یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق اس آگاہی مہم کا مقصد طلبہ و طالبات میں ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ سفر اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا ہے۔




