کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ کے قریب ضلع ہرنائی کے پہاڑی علاقے شعبان سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق چاروں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا۔
پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (CMH) کوئٹہ منتقل کیا، جہاں ان کی شناخت ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی، سی ٹی ڈی کے سابق اہلکار سید خلیل الرحمان، فوج کے ریٹائرڈ حوالدار محمد صادق پانیزئی اور زیارت پولیس کے کانسٹیبل فرید اللہ کاکڑ کے ناموں سے ہوئی
۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی 21 جون کو اپنے دوست سید خلیل الرحمان کے ہمراہ گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے۔ ان کے والد نے 24 جون کو جناح ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو 21 جون کو اغوا کرکے ہرنائی کے پہاڑی علاقے میں منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل فرید اللہ کاکڑ، جو زیارت کے رہائشی اور تھانہ مانگی میں تعینات تھے، گھر جاتے ہوئے اغوا ہوئے، جبکہ ریٹائرڈ حوالدار محمد صادق پانیزئی کو بھی نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔




