پشین (اولس نیوز ): کربلا پشین میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم ثناءاللہ آغا کو اس کے دو بھائیوں سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کوئٹہ کی ٹیم نے 26 جنوری کی صبح ثناءاللہ آغا اور اس کے بھائیوں کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن ڈی آئی جی سی ٹی ڈی مسٹر گورایا کی قیادت میں کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں شام کے وقت کارروائی مکمل کرتے ہوئے ثناءاللہ آغا اور اس کے دو بھائیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ کارروائی کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔




