کوئٹہ: بی ایم سی ہسپتال میں بجلی کی بندش، سی ٹی اسکین مشین میں مریض پھنس گیا

کوئٹہ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) میں بجلی کی اچانک بندش کے باعث سنگین صورتحال پیدا ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین کے دوران بجلی چلی گئی جس کے نتیجے میں ایک معذور مریض مشین کے اندر پھنس کر رہ گیا، جبکہ متعلقہ عملہ بھی مشین کے ساتھ ہی رہ گیا۔

بجلی کی بندش کے باعث ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین رومز کے باہر موجود مریض شدید سردی میں انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی کیسز بھی التوا کا شکار ہو گئے، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں شدید اضطراب پھیل گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایم سی ہسپتال کو ایکسپریس لائن کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کی سہولت حاصل ہے، اس کے باوجود بجلی کی بندش کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ واقعے نے کیسکو کی کارکردگی، ہسپتال انتظامیہ کی کمزوری اور صوبائی حکومت و محکمہ صحت کی نااہلی کو بے نقاب کر دیا ہے، کیونکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل بجلی کا مؤثر انتظام موجود نہیں تھا۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ہسپتالوں میں بجلی کے متبادل نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کو اس طرح کے خطرات سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں