کوئٹہ سول کورٹ کا فخر: پھولوں مقابلے میں نمایاں کارکردگی، فطرت دوست ماحول کی مثال
رپورٹ: آغا عبید
کوئٹہ — سول کورٹ کوئٹہ، جسے عام طور پر “کچہری” کہا جاتا ہے، ایک بار پھر اپنی خوبصورتی اور فطرت دوست ماحول کی بدولت خبروں میں ہے۔ 26 اپریل 2025 کو سرینا ہوٹل میں روٹری کلب کے زیر اہتمام ہونے والے سالانہ “پھولوں فلاور شو” میں سول کورٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عدالت نے گاردن کیٹیگری میں دوسری جبکہ فلاور کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سول کورٹ نے پچھلے سال بھی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں پر خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کو مسلسل ترجیح دی جا رہی ہے۔
سینیئر سول جج ون، جن کی قیادت اور نگرانی میں یہ ماحول تخلیق کیا گیا، قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے نہ صرف عدالت کے اطراف کے ماحول کو خوبصورت بنایا، بلکہ یہاں آنے والے وکلا، سائلین اور دیگر افراد کے لیے ذہنی سکون کا ذریعہ بھی فراہم کیا۔ کچہری میں موجود افراد کا کہنا ہے کہ عدالت میں داخل ہوتے ہی وہاں کا صاف ستھرا اور خوشبودار ماحول ذہنی دباؤ کو کم کرتا ہے اور انسان تازہ دم ہو جاتا ہے۔
عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ:
“ہمارے یہاں کیسز کا بوجھ بہت زیادہ ہوتا ہے، جو ذہنی دباؤ پیدا کرتا ہے۔ لیکن جب ہم اس خوبصورت لان سے گزرتے ہیں، تو تازگی محسوس کرتے ہیں اور کام کرنے کا جذبہ دوبارہ سے بیدار ہو جاتا ہے۔”
یاد رہے کہ 2007 میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد کچہری کی عمارت اور اس کے لان کو خاص توجہ دی گئی۔ وقت کے ساتھ ساتھ اسے بہتر سے بہترین بنانے میں ہر آنے والے سینیئر سول جج نے اپنا کردار ادا کیا۔ موجودہ جج صاحب کی قیادت میں لان کی مستقل نگہداشت، موسمی اور سالانہ پودوں کی تنصیب، اور رنگ برنگے پھولوں کا اضافہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہاں تقریباً 75 مختلف رنگوں کے پھول موجود ہیں — جو کسی بھی سرکاری ادارے کے لیے ایک منفرد بات ہے۔
یہ ماحول نہ صرف عدالت آنے والوں کے لیے خوشگوار تجربہ فراہم کرتا ہے بلکہ چھٹی کے دنوں میں بچوں اور اہلخانہ کے لیے بھی ایک تفریحی مقام بن چکا ہے، جہاں وہ ملاقات کے اوقات میں کھیلتے اور لطف اندوز ہوتے ہیں۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بلوچستان میں سرکاری اداروں میں اگر کسی جگہ پر فطری خوبصورتی، صفائی اور ترتیب کا اعلیٰ معیار موجود ہے، تو وہ سول کورٹ کوئٹہ ہے — اور فلاور شو میں حاصل کی گئی کامیابیاں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔