بلدیاتی انتخابات کی منسوخی غیر جمہوری اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہے: میر رحمت صالح بلوچ

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے بلدیاتی انتخابات کے ملتوی ہونے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ غیر جمہوری، مشکوک اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات سے صرف چار روز قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ مؤخر کرنے کا اعلان نہ صرف عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے بلکہ یہ صاف ظاہر کرتا ہے کہ حکومت اور اس کے اتحادی جماعتیں عوامی فیصلے سے خوفزدہ ہیں۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ اگر انتخابات کرانے کی سکت نہیں تھی تو ابتداء ہی میں واضح فیصلہ کیا جاتا، تاکہ امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور ووٹرز کو شفاف پیغام ملتا۔ لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد جب امیدواران نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کر دیےانتخابی مہم چلائی مالی و سیاسی وسائل صرف کیے اور جب الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں مکمل کر لیں تو محض چند دن قبل الیکشن ملتوی کرنا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔،انہوں نے کہا کہ انتخابات کے التواء کے جو اسباب پیش کیے جا رہے ہیں وہ انتہائی کمزور، ناقابل قبول اور سیاسی چالوں پر مبنی ہیں۔ بعض جماعتیں ایک طرف انتخابات کے التواء کی مخالفت کا ڈرامہ کرتی رہیں جبکہ پس پردہ انہی جماعتوں نے عدالتوں میں درخواستیں دائر کر کے الیکشن رکوانے کی کوشش کی۔ یہاں تک کہ کچھ جماعتوں کے وکلاء خود عدالتوں میں الیکشن کے خلاف پیش ہوئےجو ان کے دوہرے معیار اور سیاسی مفادات کو بے نقاب کرتا ہے۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ شہر گزشتہ کہیں سالوں سے بلدیاتی نمائندگی سے محروم ہے۔ یہاں کا شہری بنیادی سہولیات، صفائی، پینے کے پانی، سیوریج، صحت، تعلیم اور شہری ترقی جیسے اہم مسائل کا شکار ہے، لیکن کٹھ پتلی صوبائی حکومت اور نوکر شاہی نے اختیارات بلدیاتی اداروں کی بجائے خود اپنے ہاتھ میں رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی مقامی حکومتوں کو جمہوریت کی نرسری سمجھتی ہے اور ہمیشہ بااختیار بلدیاتی اداروں کے قیام کی حامی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے عدالت سے رجوع کیا اور اب بھی ہر پلیٹ فارم پر کوئٹہ کے عوام کے حقِ نمائندگی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کسی صورت کوئٹہ کے عوام کو بلدیاتی نمائندگی سے محروم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ عوامی فیصلے سے فرار اختیار کرنے والے عناصر کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، اور ہم ہر محاذ پر عوامی حقوق کے دفاع میں ڈٹے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں