چین کا 19 نشستوں والا الیکٹرک مسافر طیارہ تیار، پہلی انسانی آزمائشی پرواز کامیاب

چین کا بڑا کارنامہ، 19 نشستوں والے الیکٹرک مسافر طیارے کی پہلی انسانی آزمائشی پرواز کامیاب
چین (اولس نیوز کوئٹہ) چین نے ہوا بازی کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے بیٹری سے چلنے والے 10 ٹن وزنی تجارتی مسافر طیارے ’سی ای 25 اے‘ کی پہلی کامیاب انسانی آزمائشی پرواز مکمل کرلی ہے۔ یہ طیارہ 19 مسافروں کی گنجائش رکھتا ہے اور مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی کے ذریعے پرواز کرتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جدید الیکٹرک طیارے کو روایتی فضائی ایندھن کے متبادل اور ماحول دوست فضائی سفر کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ طیارے میں 10 پنکھے نصب ہیں، جبکہ یہ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے اور ایک مرتبہ چارج ہونے پر 400 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ پروازی بلندی 2 ہزار 400 میٹر بتائی گئی ہے۔

یہ تاریخی آزمائشی پرواز ہفتے کے روز چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں انجام دی گئی، جس کے دوران طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر موجود تھے۔ مجموعی ٹیسٹ سیشن 57 منٹ اور 46 سیکنڈ تک جاری رہا، جبکہ طیارے نے فضا میں 16 منٹ سے زائد وقت گزارا اور 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس سے قبل اس طیارے کی 19 خودکار یعنی بغیر پائلٹ آزمائشی پروازیں بھی کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں۔ اس منصوبے کو چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک)، بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔کومیک کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران طیارے کے تمام نظام معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور کارکردگی کے تمام اشاریے توقعات پر پورے اترے۔ چینی سول ایوی ایشن انتظامیہ کو اس طیارے کے لیے ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست بھی موصول ہو چکی ہے، جسے تجارتی تیاری اور باضابطہ استعمال کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 21 اکتوبر 1973 کو آسٹریا میں موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اسرائیل بھی 9 مسافروں کی گنجائش والا الیکٹرک طیارہ ایوی ایشن ایلس تیار کرچکا ہے، تاہم اس منصوبے پر مزید کام آگے نہیں بڑھ سکا۔تاہم 19 مسافروں کی گنجائش اور 10 ٹن وزن رکھنے والا چینی طیارہ ’سی ای 25 اے‘ اپنے حجم اور تجارتی صلاحیت کے اعتبار سے الیکٹرک ہوا بازی کے شعبے میں ایک منفرد منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں