بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان، تربت میں پارہ 33 ڈگری تک پہنچ گیا
کوئٹہ(اولس نیوز ) محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے شمالی اضلاع میں سرد اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ درجہ حرارت کی تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں بھی 20 اور زیارت میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔دوسری جانب ساحلی علاقوں میں موسم نسبتاً گرم رہا، جہاں گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تربت میں پارہ 33 جبکہ سبی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔اسی طرح نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال مختلف رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں سرد ہواؤں کے باعث سردی کی شدت محسوس کی جا سکتی ہے۔




