کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBOIT) اور ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے درمیان باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
مفاہمتی یادداشت پر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر مرزا خان خلجی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر بی بی او آئی ٹی کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، چیمبر آف کامرس کے نائب صدر جنگیان دشتی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرزا خان خلجی نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم ان سے بھرپور استفادے کے لیے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا اور صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی او آئی ٹی اور کوئٹہ چیمبر کے درمیان یہ معاہدہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور 18 اور 19 نومبر 2026 کو بیوٹمز کوئٹہ میں منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں بلال خان کاکڑ اور عبدالمنان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کوئٹہ چیمبر کی جانب سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بی بی او آئی ٹی کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے مختلف چیمبرز آف کامرس، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کے اشتراک سے تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ 7 سے 10 دسمبر 2026 تک پہلی ڈیجیٹل ایکسپو بھی منعقد ہوگی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کی رہنمائی اور پہلے سے قائم کاروباری اداروں کو وسعت دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
بلال خان کاکڑ کے مطابق ایکسپو میں سرکاری اداروں، مالیاتی اداروں اور کاروباری شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل اور ضروری رہنمائی تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس سلسلے میں نیشنل بینک، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کی شرکت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور خام مال کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو مقامی سطح پر پراسیس کرکے ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ایسی مصنوعات تیار کی جائیں جو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت ہو سکیں۔
انہوں نے پیکیجنگ انڈسٹری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی یونٹس، پھلوں کی پراسیسنگ اور زرعی اجناس سے غذائی مصنوعات کی تیاری کو سرمایہ کاری کے اہم شعبے قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹماٹر اور دیگر زرعی اجناس کی وافر پیداوار سے کیچپ سمیت مختلف غذائی مصنوعات تیار کرنے کے صنعتی یونٹس قائم کیے جا سکتے ہیں، جس سے مقامی وسائل کا بہتر استعمال اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی نے مزید کہا کہ ایکسپو کا مقصد صرف مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ کاروباری افراد کو عملی رہنمائی فراہم کرنا بھی ہے تاکہ وہ اپنے کاروباری خیالات اور دستیاب وسائل کو کامیاب صنعتی منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے مؤثر اشتراک سے بلوچستان کے قدرتی وسائل، زرعی پیداوار اور مقامی کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔




