راولپنڈی: پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ 89 برس کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ پاک فوج، صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی عسکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
جنرل عبدالوحید کاکڑ نے 12 جنوری 1993 سے 11 جنوری 1996 تک پاکستان کے گیارہویں آرمی چیف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 1959 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہیں نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاک فوج غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتی ہے۔
صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم کی تعزیت
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق آرمی چیف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔




