کوئٹہ میں گیس کے صرف 26 یونٹ استعمال کرنے پر 18 ہزار 410 روپے کا بل، صارفین سراپا احتجاج

کوئٹہ: سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے مبینہ طور پر بھاری گیس بل بھیجے جانے پر کوئٹہ کے شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صارفین کے مطابق کوئٹہ میں گیس کی فراہمی پہلے ہی مسائل کا شکار ہے اور کئی علاقوں میں پائپ لائنوں کے ذریعے مناسب گیس فراہم نہیں کی جا رہی، جبکہ دوسری جانب کم گیس استعمال کرنے کے باوجود ہزاروں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے صرف 26 یونٹ استعمال کرنے پر 18 ہزار 410 روپے کا بل موصول ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق سردی کا موسم ابھی پوری طرح شروع بھی نہیں ہوا، لیکن بھاری بلوں نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
صارفین نے الزام عائد کیا کہ 100 یونٹ سے کم گیس استعمال کرنے والوں کو بھی 18 ہزار روپے سے زائد کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جس سے عام شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس بلوں میں شامل چارجز، ٹیرف اور میٹر ریڈنگ کی شفاف جانچ کی جائے اور اگر کسی قسم کی غلطی یا بے ضابطگی سامنے آئے تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں