لسبیلہ: مسافر کوچ اور وین میں تصادم، 5 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق، 20 زخمی

ضلع لسبیلہ میں جمعے کی شام وندر کے قریب مسافر کوچ اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی کے مطابق حادثہ جمعے کی شام تقریباً چار بجے وندر کے قریب پیش آیا، جہاں گوادر سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور کراچی سے لسبیلہ آنے والی مسافر وین آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی کے ہسپتالوں میں بھیجا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون اور ایک مرد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی۔ ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے بتایا کہ حادثے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

نجیب اللہ پندرانی کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ دار عوامل کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں