کوئٹہ: فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان خاندانوں کو سات روز کے اندر پاکستان چھوڑ کر افغانستان واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایف سی بلوچستان کی جانب سے جاری عوامی آگاہی پیغام کے مطابق متعلقہ خاندانوں کو مقررہ مدت کے اندر اپنے مکانات اور دکانیں خالی کرکے اہلِ خانہ سمیت افغانستان واپس جانے کے لیے کہا گیا ہے۔
ہدایت میں بوسہ منڈی، سیٹلائٹ ٹاؤن، پشتون آباد، حاجی غیبی روڈ، خیبر درہ، کلی درانی، رحمت کالونی نمبر 1 اور نمبر 2، اسماعیل کالونی، راشد چوک، تارو چوک، ملا عبدالسلام، سریاب روڈ، جتک اسٹاف اور ملحقہ علاقوں میں مقیم خاندانوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایف سی بلوچستان کے مطابق واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ غیر قانونی، نامناسب یا غیر انسانی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ علاقوں میں تعینات اہلکار خاندانوں کو واپسی کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاندانوں کی جان، مال، عزت اور وقار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ واپسی کا عمل پُرامن اور منظم انداز میں مکمل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
ایف سی بلوچستان نے متعلقہ خاندانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ سات روز کے اندر اپنے معاملات مکمل کرکے باوقار طریقے سے افغانستان واپسی کے انتظامات کریں۔




