اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، امن و امان کی صورتحال میں سول انتظامیہ کی معاونت اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت جاری کیے گئے اعلان کی مدت تک برقرار رہے گی۔ اس دوران پاک فوج صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں اور وسائل کی تعداد کا تعین گورنر خیبرپختونخوا، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
حکم نامے کو آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔ اس اقدام کے بعد خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اور انتظامی صورتحال سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدامات مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔
واضح رہے کہ فوج کی تعیناتی کا یہ فیصلہ صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق آئینی اقدامات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔



