کراچی (اولس نیوز)ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا مزید 1800 روپے سستا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1544 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1544 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
صرافہ مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی فی تولہ چاندی 30 روپے سستی ہونے کے بعد 7008 روپے کی سطح پر آگئی۔
صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں آنے والی کمی کو قرار دیا جارہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کم ہوکر 4314 ڈالر پر آگئی ہے۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جہاں گزشتہ چند کاروباری سیشنز کے دوران قیمت میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی سمت کا انحصار امریکی ڈالر کی قدر شرح سود سے متعلق توقعات عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان سمیت مختلف عوامل پر ہے عالمی نرخوں میں مزید کمی یا اضافہ پاکستان میں سونے کی قیمت پر بھی اثرانداز ہوسکتا ہے جبکہ مقامی قیمت پر روپے کی قدر اور عالمی قیمت کے علاوہ دیگر عوامل بھی اثر ڈالتے ہیں۔
سونے کی قیمتوں کو بڑا جھٹکا، فی تولہ قیمت کہاں پہنچ گئی؟



