روشم قتل کیس: پولیس نے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا

کراچی میں روشم حسین قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے قتل کے الزام میں دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کارروائی کرتے ہوئے روشم حسین قتل کیس میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں اور پولیس کے بیٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش دونوں مبینہ ملزمان نے روشم حسین کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ایس آئی یو نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ دوسری جانب روشم حسین کے قتل کے خلاف مقتول کے لواحقین کا منگھوپیر تھانے کے باہر احتجاج 18 روز سے جاری ہے۔ لواحقین کی جانب سے کیس میں مزید پیشرفت اور انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ روشم حسین کے والد نے پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر تاحال عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کیس کی تفتیش اور پیشرفت سے مطمئن نہیں ہیں۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ کیس میں دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب منگھو پیر میں مہران سٹی کے ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پندرہ سالہ روشم جاں بحق ہوا تھا، مقتول آٹھ بہنوں کا اکلوتابھائی تھا اور حال ہی میں میٹرک کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں