کوئٹہ: تمام محکموں کو ہفتہ وار کارروائیوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت
کوئٹہ، 22 ستمبر: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میر اللہ بادینی کی زیرِ صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ہفتہ وار کارروائیوں کا شیڈول مرتب کرکے تین روز کے اندر کمشنر آفس کے ساتھ شیئر کریں گے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں مختلف محکموں کی مشترکہ کارروائیاں منظم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ گرانفروشی، تجاوزات، ٹریفک مسائل، پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے سب ڈویژن کی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنے متعلقہ قوانین اور دائرہ کار کے مطابق طے شدہ شیڈول کے تحت کارروائیاں کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز باہمی رابطہ کاری اور نگرانی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے شہریوں کو بہتر سروس ڈلیوری فراہم کی جائے گی اور کوئٹہ میں شہری مسائل کے حل، قانون پر عملدرآمد، تجاوزات کے خاتمے، گرانفروشی کی روک تھام، ٹریفک کی بہتری اور ماحول کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رہیں گے۔
کوئٹہ میں انتظامی کارروائیوں کے لیے نیا نظام، تمام محکموں کو ہفتہ وار شیڈول تیار کرنے کی ہدایت، اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں مشترکہ کارروائیاں کی جائیں گی۔




