وزیر داخلہ بلوچستان کا محمود خان اچکزئی پر سخت ردعمل، دہشتگردوں کا نام نہ لینے پر تنقید

 وزیر داخلہ بلوچستان کا محمود خان اچکزئی پر سخت ردعمل، دہشتگردوں کا نام نہ لینے پر تنقید

**کوئٹہ:( اولس نیوز )  وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا نام نہ لینا خوف کی علامت ہے اور عوام کے سامنے حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ سرانان حملے کی ذمہ داری ایک دہشتگرد تنظیم پہلے ہی قبول کر چکی ہے، اس کے باوجود بعض سیاسی رہنما دہشتگردوں کا نام لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ رویہ خوف اور مصلحت پسندی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو اپنی جان کے خوف کی وجہ سے شارٹ کٹ اختیار نہیں کرنا چاہیے بلکہ حقائق عوام کے سامنے رکھنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ رہنما تمام تر ذمہ داری حکومت پر ڈال کر اصل حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں، جو دوغلے پن کے مترادف ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے مزید کہا کہ ایک حقیقی رہنما کی ذمہ داری ہے کہ وہ میدان میں رہ کر عوام کی قیادت کرے اور سچائی کو بلا خوف و خطر عوام تک پہنچائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض رہنما پشتون عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرنے کے بجائے گمراہ کر رہے ہیں، جو پشتون دوستی نہیں بلکہ پشتونوں سے کھلی دشمنی ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے زور دیا کہ دہشتگردی کے واقعات پر سیاسی مفادات کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جانا چاہیے تاکہ عوام کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں