بلوچستان ( ا ولس نیوز ) بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل برآمد کرلیا، جبکہ غیر قانونی منشیات تیار کرنے والی فیکٹری کو بھی مکمل طور پر مسمار کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ یارو کی حدود میں واقع اسٹیٹن کالونی میں کارروائی آئی جی پولیس بلوچستان اور آئی جی ایف سی نارتھ کی ہدایات پر ایس ایس پی پشین نوید عالم کی نگرانی میں کی گئی۔
کارروائی کے دوران تقریباً 33 ہزار 600 کلوگرام ایفڈرین برآمد کی گئی، جو آئس سمیت دیگر منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ کیمیکل کی مارکیٹ قیمت 8 ہزار روپے فی کلو کے حساب سے تقریباً 26 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ کیمیکل کو ڈی ایس پی، مجسٹریٹ اور تحصیلدار کی موجودگی میں موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔
آپریشن کے دوسرے مرحلے میں منشیات کی غیر قانونی تیاری کا سلسلہ مستقل طور پر روکنے کے لیے ایکسیویٹر کی مدد سے فیکٹری کی عمارت کو مکمل طور پر مسمار کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔