کوئٹہ: محکمہ آبپاشی بلوچستان کی قیمتی سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کو مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر نیلام کرنے کے معاملے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران محکمہ آبپاشی کے جیو لوجسٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر طلحہ بگٹی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر مبینہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔
تحقیقات میں سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی اصل مالیت، نیلامی کے لیے مقرر قیمت، اشتہار، بولی کے عمل، کامیاب بولی دہندگان اور سرکاری خزانے کو حاصل ہونے والی رقم سمیت تمام اہم ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض افسران پر مبینہ طور پر کم قیمت پر سرکاری اثاثوں کی نیلامی سے فائدہ اٹھانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ سرکاری خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے نقصان کے پہلو کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی تحقیقات ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن فرید سخی اور ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن شیخ منیر مندوخیل نے کیں، جبکہ مزید تفتیش انویسٹی گیشن آفیسر عزیز احمد کے سپرد کی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ ایک فرد تک محدود نہیں بلکہ نیلامی کے پورے عمل اور اس میں شامل تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔