کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی (Artificial Intelligence) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی اور مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریفک سگنلز فعال کیے جائیں گے، جو ٹریفک کے بہاؤ کو خودکار طریقے سے منظم کر کے رش میں نمایاں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے مؤثر، پائیدار اور جدید ٹریفک نظام کے قیام کے لیے باہمی تعاون اور مربوط اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ٹریفک کے مسائل کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا، ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوگا اور سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت بلوچستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ




