آئی ایس پی آر کے سمر کیمپ 2026 میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی نشست، نوجوانوں سے دہشت گردی، سرمایہ کاری اور قومی یکجہتی پر کھلا مکالمہ
کوئٹہ: آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ سمر کیمپ 2026 کے شرکاء سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی نشست کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی، سرمایہ کاری، اسمگلنگ، سوشل میڈیا اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات اس سمر کیمپ میں شریک ہیں، جو نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت سوچ اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ہے۔
نشست کے دوران وزیراعلیٰ نے فتنہ الہندوستان اور اس سے منسلک پراکسی عناصر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان نے متعدد تنبیہات اور دوحہ معاہدے کے باوجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی۔
میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور قومی اتحاد، یکجہتی، باہمی اعتماد اور نوجوانوں کی مثبت سوچ ہی ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات نے دہشت گردی، سرمایہ کاری، اسمگلنگ، سوشل میڈیا اور بلوچستان سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے تفصیلی اور مدلل جوابات دیے۔ شرکاء نے کہا کہ انہیں بلوچستان سے متعلق کئی اہم سوالات کے حقائق پر مبنی جوابات ملے، جبکہ ایسے مکالموں کو قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔آئی ایس پی آر کا سمر کیمپ 2026 نوجوان نسل میں قومی شعور، مثبت اقدار اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ایک اہم پیشرفت تصور کیا جا رہا ہے۔




