اسلام آباد: اپنا گھر پروگرام میں قرض حاصل کرنا مزید آسان

وفاقی حکومت نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا ہے، جس سے گھر کے خواہشمند شہریوں کے لیے نئی سہولتیں پیدا ہو گئی ہیں۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو بھی اس اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ہاؤسنگ قرض کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

نئی پالیسی کے تحت نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک کے قرض فراہم کر سکیں گی۔

ایس ای سی پی کے مطابق ایسے افراد جو روایتی بینک اکاؤنٹس سے محروم ہیں، وہ بھی اب آسان شرائط پر گھر بنانے یا خریدنے کے لیے فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ مائیکرو فنانس کمپنیاں بھی اپنا گھر پروگرام کے تحت 50 لاکھ روپے تک قرض فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔

اسکیم کے تحت قرض کی رقم ابتدائی 10 سال تک صرف 5 فیصد شرح منافع پر دستیاب ہوگی، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو نمایاں ریلیف ملے گا۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا ڈیجیٹل نیٹ ورک دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

یہ کمپنیاں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی قرض فراہم کر سکیں گی، جس سے ملک میں ہاؤسنگ سیکٹر اور مالی شمولیت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں