‏سرگودھا میں 7 سالہ بچی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت، مبینہ ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

سرگودھا ‏ ذرائع کے مطابق 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا

‏اطلاعات کے مطابق پولیس ملزم کو تفتیش اور برآمدگی کے سلسلے میں لے جا رہی تھی کہ راستے میں مبینہ طور پر اس کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

‏ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوا اور بعد ازاں دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور فرار افراد کی تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

‏یاد رہے کہ چند روز قبل 7 سالہ بچی کی لاش ملنے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

‏پولیس حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پولیس مقابلے کی نوعیت اور تمام حقائق کا تعین بھی قانونی و تفتیشی عمل کے ذریعے کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں