پنجاب میں ائیر بیسز اور ائیرپورٹس کے اطراف دفعہ 144 نافذ

پنجاب میں ائیر بیسز اور ائیرپورٹس کے اطراف دفعہ 144 نافذ

پنجاب (‌اولس نیوز )‌ پنجاب حکومت نے پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ائیرپورٹس کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق حساس فضائی تنصیبات کے اطراف 13 کلومیٹر کے دائرے میں مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ فلائٹ آپریشنز کو محفوظ بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قائم پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ہوائی اڈوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق 30 روز کیلئے ہوگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گوشت اور آلائشوں کی وجہ سے پرندے ان علاقوں کی جانب راغب ہوتے ہیں، جو طیاروں اور مسافروں کیلئے خطرناک صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے ائیرپورٹس اور گرد و نواح میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

تمام ائیر بیسز اور ائیرپورٹس کے گرد 13 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر بازی، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ انسانی جانوں، املاک اور فلائٹ آپریشنز کو محفوظ بنانے کیلئے کیا گیا ہے، کیونکہ مذکورہ سرگرمیاں فضائی پروازوں اور فلائٹ سیفٹی کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ احکامات ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت جاری کیے ہیں، جبکہ احکامات صوبے بھر میں قائم تمام کمرشل ائیرپورٹس کی حدود میں بھی نافذ العمل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں