اسلام آباد میں ایران-امریکا مذاکرات، سیکیورٹی ہائی الرٹ، متعدد سڑکیں بند

ایران (اولس نیوز ) ایران اور امریکا کے درمیان متوقع امن مذاکرات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی وفود کی آمد سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف حساس مقامات پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں جبکہ راولپنڈی کے اہم علاقوں میں بھی تلاشی کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ وفود کی آمد کے دوران ٹریفک نظام کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان جاری کیا ہے جس کے تحت 9 اور 10 اپریل کو شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔ پولیس نے شہریوں کو مخصوص متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ غیر ضروری رش اور مشکلات سے بچا جا سکے۔ ٹریفک پلان کے تحت مختلف شہروں کے درمیان آنے جانے والی گاڑیوں کے لیے بھی متبادل راستے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ایکسپریس وے کے بعض حصوں کو بھی عام ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات غیر ملکی وفود کی حفاظت اور مذاکرات کے لیے پُرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور شہریوں سے مکمل تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں