کوئٹہ (اولس نیوز )کوئٹہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد کے موقع پر صوبائی حکومت کے ناقص انتظامات کی وجہ سے شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہو گئے۔ سکیورٹی کے نام پر شہر کے تمام اہم راستے بند کر دیے گئے، جس سے ٹریفک مفلوج ہو گئی اور عام شہریوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں شدید رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
عوام نے سوال اٹھایا کہ ایک دورے کے لیے پورے شہر کو بند کرنا کس معیار کا حکومتی فیصلہ ہے اور کیا صوبائی حکومت عوام کی سہولت کو ذرا بھی اہمیت دیتی ہے؟ شہریوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صرف سکیورٹی کے بہانے عوام کی زندگیوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور صوبائی وزراء کے ہمراہ پہنچیں، جہاں وہ دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی بھی کریں گی۔ تاہم، عوامی مسائل اور ناکافی منصوبہ بندی نے دورے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔




