کوئٹہ (اولس نیوز رپورٹر):
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کوئٹہ نے تحصیل آفس سریاب روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سزا یافتہ ملزم رجب علی ولد خاوند بخش قوم مگسی کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم بطور پرائیویٹ پٹواری اور سہولت کار کام کر رہا تھا اور اس کے خلاف کرپشن کا مقدمہ پہلے ہی ثابت ہو چکا تھا، جس پر عدالت کی جانب سے اسے سزا سنائی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اسی کیس میں شامل دیگر سزا یافتہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
حکام کے مطابق کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری امور میں بدعنوانی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔




