پشین (اولس نیوز):
پشین بائی پاس کے علاقے میں مشکوک موٹرسائیکل کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ صورتحال کی حساسیت کے پیشِ نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جبکہ ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے مشکوک موٹرسائیکل کو ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں کسی بھی ممکنہ بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔ شہریوں نے سیکیورٹی اداروں کی مستعدی اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مشکوک موٹرسائیکل رکھنے کے پسِ پردہ عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔




