اکثر ایسا ہوتا ہے کہ صبح اٹھنے کا الارم بجنے سے ذرا پہلے ہم کسی عجیب وغریب خواب میں ہوتے ہیں کبھی اپنے بچھڑوں سے ملاقات کرتے ہیں، کبھی کسی بلند عمارت سے گرنے لگتے ہیں تو کبھی کسی سنسان جگہ پر اپنی منزل کی تلاش کررہے ہوتے ہیں یا پھر کسی مشکل میں پھنسی ہوئی حسینہ کے ہیرو بن جاتے ہیں۔
عام طور پر کہا جاتا ہے کہ صبح کے خواب اکثر سچ نکلتے ہیں، لیکن کیا اس بات میں حقیقت بھی ہے؟
صبح کے خواب: حقیقت یا دماغ کا وہم؟
انڈین ایکسپریس کے مطابق سائیکو اسپریچوئل ہیلر کاویال ہاتھی سدانی کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت دیکھے گئے خوابوں کو ”وینٹنگ ڈریمز“ کہا جاتا ہے، یعنی ایسے خواب جو دماغ غیرضروری معلومات کو نکالنے کے لیے دکھاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ، ”لوگ سمجھتے ہیں صبح کے خواب سچ ہوتے ہیں، لیکن اصل میں یہ وہ معلومات ہیں جن کا ہماری زندگی میں کوئی کام نہیں۔ دماغ انہیں خواب کی صورت میں باہر پھینک دیتا ہے۔“
صبح کے خواب کیوں زیادہ واضح لگتے ہیں؟
نیورولوجی اور نفسیات کے ماہر ڈاکٹر سری کانت سرینواسن کے مطابق صبح کے خواب ایک خاص مرحلے میں آتے ہیں جسے ریم اسلیپ کہا جاتا ہے۔ یہ نیند کا وہ وقت ہے جب دماغ سب سے زیادہ سرگرم ہوتا ہے۔
یہ خواب عموماً صبح 4 بجے سے 7 بجے کے درمیان آتے ہیں کیونکہ اس وقت نیند کا ریم مرحلہ سب سے زیادہ لمبا ہوتا ہے، جو تقریباً 90 منٹ تک چل سکتا ہے۔ چونکہ یہ جاگنے کے بالکل قریب کا وقت ہے، اس لیے ہمیں یہ خواب زیادہ آسانی سے یاد رہتے ہیں۔
صبح کے خواب زیادہ جذبات سے پر کیوں ہوتے ہیں؟
ماہرین کے مطابق صبح کے خواب اکثر جذباتی اور گہرے محسوس ہوتے ہیں کیونکہ اس وقت دماغ کے وہ حصے متحرک ہو جاتے ہیں جو یادداشت، جذبات اور تصویری سوچ کو کنٹرول کرتے ہیں۔
چونکہ اس دوران دماغ کا منطقی حصہ کم سرگرم ہوتا ہے، اس لیے دبے ہوئے خیالات اور پرانے جذبات زیادہ شدت سے سامنے آ جاتے ہیں۔
ڈاکٹر سرینواسن کے مطابق صبح کے خواب صرف خیالی نہیں ہوتے بلکہ ان کی نفسیاتی اہمیت بھی ہے۔ اگر کوئی شخص اپنے خواب روزانہ ایک ڈریم ڈائری یا جرنل میں نوٹ کرے تو وہ اپنی گہری جذباتی الجھنوں اور ان واقعات کو پہچان سکتا ہے جنہوں نے اس کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یہ عمل نفسیاتی علاج میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
صبح کے خواب ہمیں زیادہ واضح اور یادگار لگتے ہیں، لیکن ان کا مقصد حقیقت دکھانا نہیں بلکہ دماغ کو غیرضروری معلومات سے آزاد کرنا ہے۔
ہاں، یہ ہمارے اندر چھپے ہوئے جذبات اور ذہنی تنازعات کو ضرور ظاہر کرتے ہیں، جو ہمیں اپنی شخصیت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔