کینیڈا کے قصبے ٹمبلر رج میں منگل کو ایک سیکنڈری اسکول میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور خاتون سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 10 فروری کی دوپہر انہیں اسکول میں ایک مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس کے بعد فوری طور پر ایمرجنسی الرٹ جاری کیا گیا اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکول کے اندر سے چھ لاشیں برآمد ہوئیں۔ زخمیوں میں سے دو کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک شخص راستے میں دم توڑ گیا۔ مزید برآں، اسکول کے قریب ایک رہائشی مکان سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کا تعلق بھی اسی واقعے سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ایک خاتون تھی جس نے مبینہ طور پر فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار لی۔ تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ اکیلی تھی یا کسی اور نے اس کی مدد کی۔
واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف کی فضا قائم ہو گئی۔ موبائل فونز پر ہنگامی پیغامات کے ذریعے لوگوں کو محتاط رہنے اور گھروں میں قیام کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ قصبے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ اسکول اور گردونواح کی مکمل تلاشی لی جا سکے۔
مقامی انتظامیہ نے اس سانحے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ حکام کے مطابق حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے اور ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔




