کوئٹہ کے سول اسپتال کی او پی ڈیز میں ڈاکٹرز کی مبینہ غیرحاضری اور عملے کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ میڈیکل او پی ڈی میں آج صرف ایک ڈاکٹر موجود تھا جبکہ سینکڑوں مریض علاج اور معائنے کے بغیر واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔
مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے مطابق او پی ڈی میں طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد گھنٹوں انتظار کرتے ہیں مگر ڈاکٹر دستیاب نہیں ہوتے۔ ایک مریض نے بتایا کہ وہ مسلسل دو دن سے چیک اپ کے لیے آ رہا ہے، کبھی ڈاکٹر موجود نہیں ہوتے اور کبھی متعلقہ عملہ اپنی جگہ پر نہیں ملتا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ او پی ڈی کا وقت صبح مقرر ہے، لیکن بعض ڈاکٹر صبح تقریباً 10 بجے آتے ہیں اور دوپہر 12 بجے تک واپس چلے جاتے ہیں، جس سے مریضوں کو بروقت طبی سہولت نہیں مل پاتی۔ ان کے مطابق ایک ہی ڈاکٹر سینکڑوں مریضوں کو دیکھ رہا تھا جس کے باعث نہ صرف رش بڑھ گیا بلکہ کئی افراد بغیر معائنے کے ہی واپس لوٹ گئے۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل او پی ڈی میں صرف ایک ڈاکٹر کی موجودگی اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے اور او پی ڈیز میں مکمل طبی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں نے صوبائی حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




