وزیراعظم کی ترک صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک ترک تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔

صدر اردوان نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت و نسل کشی کی پالیسیوں کی مذمت کے لیے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ کوششوں کے عزم کو دہرایا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور رجب طیب اردوان نے اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے گہرے برادرانہ تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور مسلم دنیا سمیت عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں