پاک چین دوستی پائیدار ہے کبھی ختم نہیں ہوگی، شہباز شریف

بیجنگ(31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاک چین دوستی پائیدار ہے کبھی ختم نہیں ہوگی، اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب میں کہا پاکستان اور چین کا مستقبل مشترکہ ہے، کرپشن کیخلاف چینی صدر کے وژن کی حمایت کرتے ہیں، میں نے بھی پاکستان میں یہی پالیسی اپنائی اور ڈیڑھ سال ہوگیا کوئی میری حکومت پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔

تیانجن یونیورسٹی میں نیشنل فیسلٹی فار ارتھ کوئیک انجینئرنگ سمولیشن کے دورے کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف کو جدید ترین ٹیکنالوجیز بشمول میڈیکل ریسکیو گاڑیاں اور آفات سے نمٹنے کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں چین کی ٹیکنالوجی کے جدید استعمال اور جدید تکنیکوں کی تعریف کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی حفاظتی اور ردعمل کی حکمت عملیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اس مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اختراعات کو اپنانے سے پاکستان قدرتی آفات کے خلاف موثر احتیاطی تدابیر اختیار کر سکے گا، دوطرفہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چین پاکستان جوائنٹ لیب فار ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی میڈیسن اور انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر جیسے منصوبوں کو مزید فعال بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے دورے کے بعد خطاب میں کہا کہ تیانجن یونیورسٹی دوبارہ آنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے میں پہلی بار 2017 میں تیانجن یونیورسٹی آیا تھا، انہپوں نے اپنے دور ے میں پاکستانی طلبا سمیت بہترین پروفیسرز سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی پاکستانی طلبا کیلئے بہترین تعلیم حاصل کرنے کا مرکز ہے، تیانجن یونیورسٹی میں پاکستانی طلبا کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی پائیدار ہےکبھی ختم نہیں ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا اسلامک ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا، ہمیں چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی پر فخر ہے، شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عظیم منصوبہ ہے، چین آج دنیا کی بڑی معاشی اور فوجی طاقت ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان چینی صدر کے ویژن کی بھرپور حمایت کرتا ہے، کرپشن کیخلاف چینی صدر کے ویژن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، چین اور پاکستان کا مشترکہ مستقبل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں