خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کی رپورٹ جاری، 411 اموات ریکارڈ

پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں، اربن اور فلش فلڈ کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق صوبے میں اب تک مختلف حادثات میں 411 افراد جاں بحق جبکہ 258 زخمی ہوگئے۔

پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 15 اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 2 روز کے دوران صوبے میں مختلف حادثات میں مزید 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 6 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 3 مکمل تباہ ہوئے۔ حادثات پشاور، جنوبی وزیرستان، خیبر اور ایبٹ آباد میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 15 اگست سے اب تک بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک مختلف حادثات میں اموات کی مجموعی تعداد 411 ہوگئی اور 258 افراد زخمی ہوئے جب کہ مجموعی طور پر 3580 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 305 مرد، 56 خواتین اور 50 بچے شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 183 مرد، 40 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے آپس میں مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔

پشاور 2 گھنٹے کی بارش سے پانی پانی، سڑکیں تالاب بن گئیں
دوسری جانب پشاور میں گزشتہ روز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور گھروں میں داخل ہونے والا پانی دوسرے روز بھی نہ نکالا جا سکا۔

صوبائی دارالحکومت پشاور 2 گھنٹے کی بارش سے پانی پانی ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ناصر باغ روڈ، ورسک روڈ اور چارسدہ روڈ پر بڈھنی نالے کے اطراف میں آبادی زیر آب آگئی۔

چوبیس گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی چارسدہ روڈ پر واقع سردار کالونی کے مکین سخت پریشان ہیں، نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ گھروں میں گندا پانی بدستور کھڑا ہے جبکہ کل سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے پینے کا صاف پانی بھی ناپید ہوگیا۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کی پیشگی اطلاع ہونے کے باوجود متعدد علاقوں کا زیرآب آجانا، نکاسی آب کا مؤثر نظام نہ ہونے اور نالوں کی کئی سال سے صفائی نہ ہونا اہم وجہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں