ملک بھر کے صارفین کے لیے اچھی خبر! بجلی کتنے روپے فی یونٹ سستی ہوگی؟

ملک بھر کے صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

جمعرات کو تقسیم کار کمپنیوں کی جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی نرخ میں کمی کی درخواست پر نیپرا ہیڈ کوارٹر میں سماعت ہوئی، ممبر سندھ رفیق شیخ کی سربراہی میں اتھارٹی نے سماعت کی۔

سی پی پی اے نے کہا کہ صارفین کو ستمبر کے بلوں میں ریلیف ملے گا، منظوری کی صورت میں صارفین کو 23 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے جولائی میں بارشوں سے کرنٹ لگنے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک ماہ میں صرف حادثات کے باعث 11 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سب سے زیادہ بارشوں سے حادثات ہوئے۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ صرف آئیسکو میں 6 لوگ اپنی جانوں سے گئے، کہاں ہیں سی ای او آئسیکو جواب دیا جائے، یہ کونسا طریقہ ہے کہاں ہیں حفاظتی اقدامات ؟ اتھارٹی ان کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ جرمانے کر سکتی ہے، اتھارٹی کے کئے جرمانوں پر عدالتوں سے سٹے لے لئے جاتے ہیں۔

تقسیم کار کمپنیوں کےجولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔

نیپرا نے کہا کہ سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لئے ہو گا۔

نیپرا نے کہا کہ وزارت توانائی نے نیپرا کو خط کے ذریعے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایف سی اے کے نفاذسے متعلق ہدایات سے آگاہ کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے بھی ڈسکوز کا تعین کردہ ایف سی اے چارج کیا جائے تاکہ حکومت کی یکساں ٹیرف پالیسی قائم رہے۔

اس کا اطلاق تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ، پروٹیکٹڈ صارفین ،پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔

اتھارٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا ءکو تسلی سے سنا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں