شارجہ میں کل سے شروع ہونے والی سہہ فریقی ٹی 20 سیریز میں افغانستان کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شارجہ میں سہ فریقی ٹی 20 سیریز 29 اگست (جمعے) سے شروع ہو رہی ہے جس میں افغانستان، پاکستان اور میزبان متحدہ عرب امارات حصہ لیں گے، یہ سیریز آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ سے قبل ایک اہم تیاری سمجھی جا رہی ہے۔
گزشتہ سال افغانستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا، جس کے بعد کرکٹ ماہرین اس بار راشد خان کی قیادت میں افغانستان کی ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔
سیریز کے دوران 10 دنوں میں سات میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں ہر ٹیم ایک دوسرے سے 2 بار مقابلہ کرے گی جبکہ سرفہرست دو ٹیمیں سات ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
جس کے فورا بعد ہی متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ شروع ہونے جارہا ہے، جو ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا۔
افغانستان کا اسپن اٹیک
شارجہ کی سست پچز افغانستان کے لیے بڑا فائدہ سمجھی جا رہی ہیں۔ افغان ٹیم نے 5 اسپنرز اسکواڈ میں شامل کیے ہیں، جن میں نوجوان اے ایم غزنفر بھی شامل ہیں۔ راشد خان اور مجیب الرحمان نے شارجہ میں شاندار ریکارڈ بنایا ہے، دونوں نے مجموعی طور پر 43 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی اور نوجوان اسپنر نور احمد بھی حریف بیٹرز کے لیے مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کی حکمت عملی
پاکستانی ٹیم بھی اسپن کے ماہر بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، ابرار احمد، صوفیان مقیم، محمد نواز، کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب بولنگ کا حصہ ہوں گے تاہم پاکستان کے نئے کوچ مائیک ہیسن نے ایک بار پھر بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا اور نئے بیٹرز کو تیز اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مائیک ہیسن کی کوچنگ میں پاکستان نے حالیہ مہینوں میں ملی جلی کارکردگی دکھائی ہے۔ ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہوم سیریز میں کلین سوئپ کیا لیکن ڈھاکا میں 1-2 شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں ویسٹ انڈیز کے خلاف فلوریڈا میں ٹی 20 سیریز 1-2 سے اپنے نام کی جبکہ ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یو اے ای کا اپ سیٹ پلان
میزبان متحدہ عرب امارات نے اپنی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ ہرشیت کوشک کو پہلی بار ٹیم میں موقع دیا گیا ہے جبکہ محمد فاروق، جنید صدیقی اور محمد جواد اللہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
اس حوالے سے کوچ لال چند راجپوت کا کہنا ہے کہ ٹیم نے حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیتی ہے اور اب کسی بھی بڑی ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تین ملکی سیریز کا شیڈول
پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان کھیلی جانے والی 3 ملکی سیریز کا افتتاحی میچ 29 اگست کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ 30 اگست کو پاکستان اور یو اے ای مد مقابل ہوں گے۔
یکم ستمبر کو یو اے ای اور افغانستان کے درمیان جوڑ پڑے گا جبکہ 2 ستمبر کو پھر افغانستان اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔
اسی طرح یو اے ای کا پاکستان کے ساتھ دوسرا مقابلہ 4 ستمبر جبکہ افغانستان کے ساتھ 5 ستمبر کو ہوگا جبکہ 2 سرفہرست ٹیموں کے درمیان فائنل 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔