بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے اچانک استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ انہوں نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے آفس میں جمع کرایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت 18 ممبران قومی اسمبلی نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے اسپیکر آفس میں پہنچا دیے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا، ان میں قانون و انصاف، انسانی حقوق، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے اراکین جنید اکبر، عامر ڈوگر، شیخ وقاص اکرم، شہریار آفریدی، آصف خان، فیصل امین گنڈا پور، علی اصغر خان سمیت دیگر ممبران اسمبلی نے بھی استعفے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں جمع کروائے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہرِ نے کمیٹیوں سے استعفے پر دستخط کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 4 کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے، ہم نے بہت کوشش کی کہ سسٹم کا حصہ رہیں اور سسٹم چلے، ہماری 180 نشستیں تھیں، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہماری اکثریت تھی، قومی اسمبلی میں 91 نشستوں کے ساتھ بیٹھے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید کیا گیا لیکن عمران خان نے اور ہم نے کہا آو بات کرو، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے بقول یہ سیاسیات ہے اور سیاست کا حصہ ہے، ابھی کہیں بھی کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے عمران خان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دینا شروع کردیا ہے۔

گزشتہ روز جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جنید اکبر نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوایا تھا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے بھی قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

فیصل امین گنڈا پور نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کیا تھا، جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہدایت پرکیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں