کوئٹہ (اولس نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان 2 سال بعد بھی پہلے دن کی طرح ڈٹ کر کھڑے ہیں، وہ کسی ڈیل سے نہیں عدالتی جنگ سے رہا ہوں گے، بانی پی ٹی ئی کے قائد تھے ہیں اور رہیں گے، پی ٹی آئی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں پی ٹی آئی کے 5 اگست کو احتجاج کے سلسلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کو جیل میں 2 سال مکمل ہوں گے، بانی 2 سال بعد بھی پہلے دن کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہے، بانی عوام جمہوریت اور قانونی کی حکمرانی کے لیے قربانی دے رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مسلسل عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی آج بھی سب سے بڑی جماعت ہے، پی ٹی آئی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آج بھی اکثریت کے دلوں میں ہے اور رہے گا، عمران خان پی ٹی آئی کے قائد تھے ہیں اور رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن سب ملے ہوئے ہیں، یہ ملک ایسے نہیں چلے گا، پی ٹی آئی سے ممبرز چھین کر عمران خان اور پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، عمران خان کسی ڈیل سے نہیں عدالتی جنگ سے رہا ہو گا، پی ٹی آئی کارکن مایوس نہ ہو آزادی مل کر رہے گی۔
کل سے ملک بھر میں پرامن تحریک شروع کی جائے گی، اسد قیصر
قبل ازیں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہرام ترکئی کے ہمراہ صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کل سے ملک بھر میں پرامن تحریک شروع کی جائے گی، 5 اگست کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف یومِ سیاہ منائیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان ملک کے لیڈر ہیں، رہائی ان کا حق ہے، عدالتیں حکومت کے زیر اثر ہیں، فیصلے اوپر سے آتے ہیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری ضمانت پر رہا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہو چکی اپوزیشن لیڈرز کو ناحق سزائیں دی گئیں، چیف جسٹس سے عمران خان کے کیسز جلد نمٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں، کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے آپریشن کی مخالفت کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ ہم پرامن ہیں شرارت کی گئی تو کارکن جواب دیں گے، ہمیں اسلحہ نہیں، قلم اور تجارت کے مواقع دے جائیں۔
شہرام ترکئی نے افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے کھولنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔