کوئٹہ: سریاب روڈ پر طلباء کا احتجاج، ٹریفک معطل، عوام پریشان

کوئٹہ(اولس نیوز) آج صبح سریاب روڈ پر طلباء نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا، جس کے باعث شہر کا ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔ طلباء کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے تعلیمی مسائل، داخلوں میں تاخیر، اور دیگر تعلیمی سہولیات کی کمی جیسے معاملات پر حکام سے رابطہ کر رہے ہیں، مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

مظاہرین نے پرامن طریقے سے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بند رکھا، ان کا مطالبہ تھا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ان کے مسائل کا نوٹس لے۔

دوسری جانب سڑک بند ہونے سے شہریوں، مریضوں، طلباء اور دفتری ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی افراد نے متبادل راستے اختیار کیے، جبکہ بعض نے گاڑیاں دور پارک کر کے پیدل سفر کیا۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ٹریفک بحال ہو سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طلباء کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور جلد ہی مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں