کوئٹہ: نواں کلی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی تقریر میں ایک دلچسپ صورتحال سامنے آئی، جب انہوں نے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دوست تھے، لیکن انہوں نے انہیں مایوس کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ڈپٹی کمشنر ان کے دوست تھے، تاہم وہ ان سے مایوس ہوئے ہیں اور آج پہلی مرتبہ کسی عوامی اجتماع میں اس بات کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس موقع پر پنڈال میں موجود اللہ ڈنہ نے تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے ایک سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ صاحب! جس ڈپٹی کمشنر نے آپ کو مایوس نہیں کیا، یعنی ڈپٹی کمشنر ویسٹ منیر درانی، انہیں عہدے سے تبدیل کر دیا گیا، جبکہ جس دوست نے آپ کو مایوس کیا ہے، وہ بدستور اپنے عہدے پر موجود ہیں۔
تاہم پنڈال میں شور اور تیز آوازوں کے باعث اللہ ڈنہ کا یہ سوال شرکاء اور وزیراعلیٰ تک نہیں پہنچ سکا۔
اس صورتحال کے بعد تبادلوں اور تعیناتیوں کے معیار پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ سرکاری افسران کی تقرری اور تبادلے کا فیصلہ دوستی کی بنیاد پر ہوتا ہے یا ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جاتا ہے؟




