اے این پی کی ہڑتال سے لاتعلقی، پشین کے تاجروں کو کاروبار جاری رکھنے کی ہدایت

اے این پی کی ہڑتال سے لاتعلقی، پشین کے تاجروں کو کاروبار جاری رکھنے کی ہدایت

انجمن تاجران بلوچستان پشین کا 19 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

پشین (اولس نیوز ) انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) پشین نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے 19 نومبر کو کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے تاجر برادری کو کاروبار جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان پشین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ماضی میں تاجر برادری کے مسائل پر آواز نہیں اٹھائی اور ذاتی مفادات کے حصول کے لیے احتجاج اور ہڑتالوں کے ذریعے تاجروں کو مشکلات سے دوچار کیا جاتا ہے۔ بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ جماعت اقتدار میں ہو تو حالات کو درست قرار دیتی ہے، تاہم اقتدار سے باہر آنے کے بعد بلیک میلنگ کا راستہ اختیار کرتی ہے۔ انجمن تاجران نے حلیم پلازہ کے متاثرہ تاجروں اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 980 کرایہ دار تاجروں کو درپیش مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاجر تاحال مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سمیت مختلف اداروں کی جانب سے تاجر برادری پر عائد سالانہ اور ماہانہ ٹیکسوں کے معاملے پر بھی آواز نہیں اٹھائی جاتی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کو اعتماد میں لیے بغیر دی جانے والی کسی بھی ہڑتال کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ انجمن نے 19 نومبر کو پشین کی تاجر برادری سے کاروبار کھلا رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر اپنے کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رکھیں۔ بیان کے آخر میں مرکزی صدر سید رحیم آغا، جنرل سیکرٹری ملک صادق خان کاکڑ اور چیئرمین حاجی محمد لعل اچکزئی نے تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں