دہشت گردی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر ہونے والے سانحۂ کارساز میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والے کارکنوں کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کی یاد جمہوریت، ثابت قدمی اور عوام کے حقِ حکمرانی کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، مساوات اور سماجی انصاف پر مبنی ایک پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں