پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے ریڈ زون جانے والے راستے سیل کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور چوکوں پر کنٹینرز لگا کر آمدورفت بند کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
شہر کے اہم مقامات باچا خان چوک، خیبر روڈ اور فردوس چوک سمیت مختلف علاقوں میں کنٹینرز رکھ کر راستے بند کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق سڑکوں کی بندش اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی کا عملہ اسٹیشنز پر موجود ہے، جبکہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد سروس کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
شاہراہوں کی بندش اور پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سوات کے مختلف علاقوں میں بھی سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق بری کوٹ، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ مختلف سڑکوں کی بندش کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پشاور میں سکیورٹی سخت کرنے، ریڈ زون سیل کرنے اور بی آر ٹی سروس معطل کرنے کی وجوہات اور ان اقدامات کے دورانیے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



