کوئٹہ میں انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ، شہر میں 2,900 جدید کیمرے نصب ہوں گے

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی اور پولیسنگ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکیورٹی اور پولیسنگ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ گرین ڈیجیٹل کوریڈور کے تحت شہر بھر میں 2,900 جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جس کا مقصد نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور سیکیورٹی اداروں کے ردعمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

پروجیکٹ کے تحت کوئیک رسپانس فورس (QRF) کے نئے اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، جدید تربیت اور ضروری وسائل فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس کو بلوچستان پولیس میں جاری اصلاحات اور محکمانہ احتساب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق غیر حاضری اور غفلت کے باعث 871 پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا جاچکا ہے، جبکہ مختلف شخصیات کے ساتھ تعینات 1,005 پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس محکمہ پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی سمیت موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری تربیت، سازوسامان اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

بلوچستان حکومت اس سے قبل بھی کوئٹہ میں سیف سٹی اور جدید نگرانی کے نظام کو مرحلہ وار فعال کرنے کے اقدامات کا اعلان کرچکی ہے، جبکہ نئے منصوبے میں جدید کیمروں اور مربوط سیکیورٹی نظام کے ذریعے شہر کی نگرانی مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں